جھانسی۔/2جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ لوک دل کے سربراہ اجیت سنگھ نے آج مرکز اور اتر پردیش حکومت دونوں کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کاشتکاروں کے مسائل کے سلسلہ میں ’’ بے حسی ‘‘ کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ’’ اچھے دن ‘‘ کی امید کھوچکے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ کیا یہی ’’ اچھے دن ‘‘ ہیں جن کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اچھے دنوں کی امید نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار خودکشی کیلئے مجبور ہوگئے ہیں کیونکہ صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ اجیت سنگھ یہاں پر مصیبتوں کا شکار کاشتکاروں سے ملاقات کرنے آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتیں کاشتکاروں کے نقصانات اور ان کے نتیجہ میں ہونے والے مصائب کے سلسلہ میں بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ وہ کاشتکاروں کا مذاق اڑارہی ہیں، انہیں معمولی رقم کے چیک دیئے جارہے ہیں۔ مرکزی حکومت پر حصول اراضی قانون کے سلسلہ میں تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سینئر قائدین نے یہ قانون یو پی اے حکومت سے مستعار لیا ہے لیکن اس میں ترمیمات مناسب نہیں ہیں۔ وہ ترمیمات کے ساتھ یہ قانون نافذ کرکے کاشتکاروں کو ان کی اراضی سے محروم کردینا چاہتی ہے۔انہوں نے سماج وادی پارٹی حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس کے صدر ملائم سنگھ یادو مرکز پر کوئی دباؤ ڈالنے سے قاصر ہیں جس کی خالص شخصی وجوہات ہیں۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنے بل بوتے پر مقابلہ کرے گی۔ اجیت سنگھ نے کہا کہ وہ اپنی حکمت عملی وضع کرتے وقت کاشتکاروں کے مسائل کو اپنے پیش نظر رکھیں گے۔