حیدرآباد۔ 24 مئی (سیاست نیوز) پہاڑی شریف پولیس نے اجنبی شخص کو سر عام زدوکوب کے معاملے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں کارپوریٹر بھی شامل ہے۔ انسپکٹر پہاڑی شریف لکشمی کانت ریڈی نے بتایا کہ کونسلر وینو گوڑ، شریف قریشی اور ایوب خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تین افراد مفرور ہیں جنہیں پولیس نے بہت جلد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یاد رہے کہ کل ایک اجنبی شخص کو نیم برہنہ حالت میں شدید زدوکوب کیا گیا تھا جو مشتبہ انداز میں گشت کررہا تھا، تاہم پہاڑی شریف پولیس کی اس کارروائی پر کئی سوال پیدا ہورہے ہیں اور پولیس پر بے قصور افراد کو مقدمہ میں پھانسنے کے الزامات ہیں ۔ حملہ میں شدید زخمی اجنبی شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ پہاڑی شریف پولیس کا کہنا ہے کہ اجنبی شخص ذہنی معذور ہے جو اپنی شناخت نہیں بتا سکتا۔ پولیس نے علاج کے بعد چنچل گوڑہ میں واقع آشرم منتقل کردیا ہے اور کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔