کراچی۔ 28ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ اسپنر سعید اجمل نے آئندہ برس فروری میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے فیصلہ کیا ہے۔شہریار خان نے برطانوی ریڈیو کو انٹر ویو دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں حصہ نہ لینے کے حوالے سے آف سپنر سعید اجمل ایک دو دن میں پریس کانفرنس کریں گے۔شہریار خان کے بموجب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں اور اپنا بائیو مکینک ٹسٹ نہ کروانے کا فیصلہ سعید اجمل کا اپنا ہے اور اس وقت ان کے ساتھ ثقلین مشتاق اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔ جو ماہرین سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست کروانے میں ان کی مدد کر رہے ہیں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی سعید اجمل بولنگ کا ٹسٹ دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ابھی سعید اجمل کو اپنے بولنگ ایکشن کو درست کرنے کے لئے تھوڑا اور وقت چاہیے۔‘جب شہر یار خان سے پوچھا گیا کہ کیا
اس دوران سعید اجمل ثقلین مشتاق کے ساتھ ہی پریکٹس کرتے رہیں گے تو انھوں نے کہا سعید اجمل ثقلین مشتاق کے ساتھ پریکٹس کر رہے ہیں۔سعید اجمل کی کوشش ہو گی کہ جس طرح ثقلین مشتاق نے انھیں بتایا ہے اس طرح وہ اپنے بولنگ ایکشن کو درست کریں۔محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے بارے میں شہر یار خان نے کہا ہے کہ وہ ایک دو دن تک چینائی جائیں گے جہاں ان کا غیر رسمی ٹسٹ ہو گا جس کے بعد ہم آئی سی سی سے کہیں گے کہ محمد حفیظ کا باقاعدہ ٹسٹ لیں۔ہمیں امید ہے کہ محمد حفیظ دونوں ٹسٹ میں کامیاب ہوجائیں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر حفیظ ٹسٹ کامیاب کرنے میں ناکام رہے تو اس صورت میں کیا انہیں پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں بطور بیٹسمین شامل کیا جائے گا تو انھوں نے کہا کہ جب سلیکٹرز ٹیم کا اعلان کریں گے تو اس کے بعد ہی اس بات کا پتہ چلے گا۔