ممبئی ۔ 11 جون ۔ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے دورہ پر رابن اتھپا ہندوستانی اے ٹیم کی چار رخی سیریز میں قیادت کریں گے جبکہ دو چار روزہ مقابلوں میں منوج تیواری ٹیم کے قائد ہوں گے ۔ بی سی سی آئی کی آل انڈیا سینئر کمیٹی نے ماہ جولائی ۔ اگسٹ میں دورۂ آسٹریلیا کیلئے ہندوستانی اے ٹیم کا انتخاب کیا ہے ۔ منوج تیواری آسٹریلیا اے کے خلاف چار روزہ مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ انڈین پریمیر لیگ میں کے کے آر کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رابن اتھپا چار رخی سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اس سیریز میں دیگر تین ٹیمیں جنوبی افریقہ اے ، آسٹریلیا اے اور کرکٹ آسٹریلیا کی مستقل ٹیم شامل ہے ۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پاٹل نے کہا کہ ہندوستانی اے ٹیم کی قیادت رابن اتھپا اور چار روز مقابلوں کے لئے منوج تیواری کو قیادت کا موقع دیا گیاہے ۔ ٹیم میں پرویز رسول ، سنجے تھامسن ، امباٹی رائیڈو ، مانن ووہرا ، اومکٹ چند ، کیدار جئے دیو ، رشی دھون ، موہت شرما ، کرن شرما اور جئے دیو انڈکٹ بھی شامل ہیں۔