نئی دہلی ، 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کیرالا کے ایک واٹر اسپورٹس سنٹر میں پیش آئے حالیہ واقعہ کو ’’صدمہ انگیز اور المناک ‘‘ قرار دیا جہاں 4 نوجوان خاتون اتھلیٹس نے اقدام خودکشی کیا تھا اور ادعا کیا کہ اس طرح کے واقعات کے مستقبل میں روک تھام کیلئے فوری کارروائی کی جائے گی ۔ گزشتہ ہفتے الاپوڑہ میں واقع اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے اسپیشل ایریا گیمس واٹر اسپورٹس سنٹر میں پیش آئے واقع میں ایک اتھلیٹ کی موت ہوئی اور تین دیگر کی حالت تشویشناک ہے جو موجودہ طورپر زیرعلاج ہیں۔ منسٹر آف اسٹیٹ اسپورٹس سرب نند سونووال نے لوک سبھا کو ایک بیان میں بتایا کہ اس واقعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایس اے آئی کے ٹریننگ سسٹم کو ہنگامی طورپر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور حکومت ایس اے آئی ڈائرکٹر جنرل کی سفارشات کا جائزہ لے رہی ہے جنھوں نے اس معاملے کی جانچ کی ہے ۔ اس بیان کو وزیر موصوف کے وزارتی رفیق راجیو پرتاپ روڈی نے پڑھ کر سنایا ، جس میں کہا گیا کہ ایس اے جی واٹر اسپورٹس سنٹر ، الاپوڑہ میں پیش آئے واقعہ پر صدمہ ہوا ہے جس کے بعد فوری حرکت میں آنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ کئی زاویوں سے بھی تحقیقات جاری ہیں ، جن کی تکمیل کے بعد تمام حالات پر مزید روشنی ڈالی جاسکے گی ۔ چار لڑکیوں میں سے جنھوں نے ایک مخصوص پھل کھاکر خودکشی کی کوشش کی ، 15 سالہ اپرنا رما ہدرن فوت ہوگئی جبکہ تین دیگر کا طبی علاج جاری ہے ۔ ایمس ڈائرکٹر نے ضروری مشورے اور بچ جانے والی لڑکیوں کے مناسب علاج کیلئے ایک میڈیکل بورڈ قائم کیا ہے ۔