لکھنو 14 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست سے قطع نظر وزیر اعظم نریندر مودی اس ہفتے گاندھی خاندان کے روایتی گڑھ سمجھے جانے والے حلقہ رائے بریلی کا دورہ کرینگے ۔ یہ دورہ اتوار کو ہوگا ۔ رائے بریلی حلقہ کیلئے یہ وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہوگا ۔ اس حلقہ سے یو پی اے کی صدر نشین و کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اور اس سے قبل ان کے افراد خاندان نے مقابلہ کیا ہے ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ بی جے پی نے کانگریس قائدین کو 2019 میں ان کے اپنے حلقوں تک محدود کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اسی کے تحت مودی رائے بریلی کا دورہ کر رہے ہیں۔ مودی کے دورہ رائے بریلی کا منصوبہ تین ہندی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان سے قبل بنالیا گیا تھا ۔ ان ریاستوں میں کانگریس نے بہترین کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کردیا تھا ۔ اتوار کو مودی رائے بریلی میں ایک ریلی سے خطاب کرینگے اور ایک ٹرین کا افتتاح انجام دینگے ۔