ریاستی گورنر کو بی جے پی لیڈر ونیت اگروال کا مکتوب
میرٹھ ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر مسٹر ونیت اگروال شاردا نے آج ریاستی گورنر کو موسومہ ایک مکتوب میں کہا ہے کہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کے دور حکومت میں امن و قانون کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے اور اکھلیش یادو حکومت کو برطرف کر دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اترپردیش بی جے پی بزنس سیل کنوینر نے گورنر سے یہ شکایت کی ہے کہ ریاست میں سماج وادی پارٹی برسر اقتدار آئے ہوئے ساڑھے تین سال کا عرصہ گزر گیا جس کے دوران امن و قانون کی صورتحال بگڑتے جارہی ہے ۔ بی جے پی لیڈر نے یہ نشاندہی کی کہ ریاست میں رہزنی ، اغواء اور قتل و غارتگیری کے ساتھ فرقہ وارانہ واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ لہذا صوبرتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کیلئے سماج وادی پارٹی حکومت کو برطرف کردیا جائے۔ مسٹر تشاردا نے الزام عائد کیا کہ مجرمین بے خوف و خطر ہوگئے ہیں اور عوامی نمائندوں اور پولیس کی سازباز سے کرپشن کو بڑھاوا دیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں اہم صنعتیں ریاست سے باہر چلی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ اترپردیش کے بیشتر اضلاع خشک سالی سے متاثر ہیں۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی سالگرہ تقاریب سے کروڑ ہا روپئے صرف کئے جارہے ہیں۔