اترپردیش میں راجیہ سبھا انتخابات کی تیاریاں شروع
لکھنؤ ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں 10 نشستوں کیلئے راجیہ سبھا انتخابات کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ نظام العمل کے مطابق 3 نومبر کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا جبکہ نامزدگیوں کے ادخال کا سلسلہ 10 نومبر تک چلے گا اور نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 11 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ 20 نومبر کو رائے دہی ہوگی جو صبح 9 تا شام 4 بجے تک جاری رہے گی اور 24 نومبر کو دونوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔ دریں اثناء ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر رما کانت پانڈے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا نظام العمل متعلقہ محکمہ جات کو روانہ کیا گیا ہے جہاں یہ ہدایت کی گئی ہیکہ انتخابی عمل پر دی گئی تاریخوں کے مطابق کام کیا جائے اور تمام ضابطوں کی تکمیل مقرر کردہ مدت کے دوران کرلی جائے۔ انتخابات منعقد کروانے کی ضرورت اس لئے پیش آئی کیونکہ راج سبھا کے 10 ارکان کی میعاد مکمل ہوچکی ہے جن میں سے سب سے زیادہ تعداد بہوجن سماج پارٹی کے ارکان کی ہے جن کی تعداد 6 بتائی گئی ہے۔ اس کے بعد سماج وادی پارٹی کے دو امیدوار ہیں۔ ایک بی جے پی سے اور ایک آزاد ہے۔ ایسے ارکان جن کی میعاد مکمل ہورہی ہے ان میں ایس پی کے رام گوپال یادو اور امر سنگھ شامل ہیں جنہیں پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا۔ یہ بھی کہا جارہا ہیکہ امرسنگھ ایوان بالا میں ایک اور میعاد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں جس کے لئے وہ ایس پی قیادت سے عقبی دروازہ سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔