لکھنو ۔ 18 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہا ہے کہ ریاستی گورنر رام نائک کے ساتھ سینئر وزیر محمد اعظم خاں کے غیر شائستہ سلوک کے خلاف اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے وہ غیر حاضر رہے گی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر لکشمی کانت باجپئی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی کابینہ سے محمد اعظم خاں کی برطرفی کے مطالبہ پر اسمبلی میں گورنر کے خطبہ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ صرف رام نائک کا معاملہ نہیں ہے ۔ ملک سابق گورنروں کے ساتھ بھی اعظم خاں کا ناشائستہ رویہ رہا ہے۔ قبل ازیں ریاستی وزیر محمد اعظم حاں نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ گورنر رام نائک کا طرز عمل کرسیوکوں جیسا ہے جو کہ بابری مسجد شہادت کے ذمہ دار ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے راجیو گاندھی حکومت کی مثال پیش کی ۔ جب ایک وزیر کو صدر جمہوریہ گیانی ذیل کے خلاف ریمارکس کرنے پر کابینہ سے برطرف کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر چیف منسٹر اکھلیش یادو کی خاموشی ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گورنر پربالراست تنقیدوں کیلئے محمد اعظم خاں کو مہرہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چیف منسٹر ریاستی وزیر کے ریمارکس سے اتفاق کرتے ہیں تو انہیں برسر عام تسلیم کرلینا چاہئے ، بصورت دیگر راجیو گاندھی حکومت کی تقلید کریں۔