دہرہ دون ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) اتراکھنڈ میں جہاں کانگریس برسر اقتدار بی جے پی سے بلدی انتخابات میں مقابلے کے لئے زور و شور سے تیاریوں میں مصروف ہے وہیں کانگریس کے اندر ناراضگی اور خلفشار بھی ظاہر ہورہا ہے۔ سابق چیف منسٹر ہریش راوت نے گزشتہ دنوں ریاستی کانگریس کی جانب سے نکالی گئی بائیک ریالی میں اُنھیں مدعو نہ کئے جانے پر اپنی ناراضگی کا برسر عام اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس کی ریاستی یونٹ کی جانب سے یہ بائیک ریالی جی ایس ٹی، نوٹ بندی پر بڑھتی ہوئی بے روزگاری کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرانے کے لئے نکالی گئی تھی۔