اتحاد امت کیلئے قرآن کثرت سے پڑھنے کی تلقین

کرنول میں یسرنا القرآن اکیڈیمی کی شاخ کا افتتاح ،مقررین کا خطاب
کرنول 15؍نومبر(ذریعہ ای میل ) بروزہفتہ بعد نماز مغرب بمقام نمستے فنکشن ہال نزد کنگ مارکٹ ‘ قدیم شہر کرنول میں یسرنا القرآن اکیڈمی شاخ کرنول کا افتتاح عمل میں آیا۔جس میںمہمان مقررین میں مولانا ڈی عبد الحکیم عمری امیر شہری جمعیت اہل حدیث کرنول نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ہر آدمی کو پڑھنا ضروری ہے اور یہ تمام مذہب و ملت کے ہدایت کا ذریعہ ہے۔بعدازاں مولانا احمد بن محفوظ عمری مدنی ڈائرکٹر اصحاب الصفہ اسکول ٹولی چوکی حیدرآبادنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارا مستقبل سنورنا ہے تو ہم کتاب اللہ کی کثرت سے تلاوت کریں۔مزید انہوںنے کہا کہ قرآن ہی تمام انسانیت کے لئے ہدایت ہے۔ عبد الرحیم خرم جامعی‘ ڈائرکٹر یسرنا القرآن اکیڈمی حیدرآباد نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر ہم متحد ہونا چاہتے ہیں تو قرآن کو کثرت سے پڑھا کریں‘ اس دنیا میں اگر ہمیں کوئی چیز جوڑ سکتی ہے تو وہ قرآن مجید ہے۔ یسرنا القرآن اکیڈمی کابھی یہی مقصدہے کہ قرآن کی تعلیم کو آسان طریقہ سے لوگوں تک پہنچایا جاسکے۔مزید انہوںنے کہاکہ قرآن کے بغیر اتحاد ممکن نہیں۔ پروگرا م سے دیگر مہمامان مقررین میں مولانا عبد الغنی عمری ناظم اعلیٰ صوبائی جمعیت اہل حدیث آندھرا پر دیش ‘جناب میر محتشم علی خان عالمی شہرت یافتہ باڈی بلڈر‘ ڈاکٹر نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی ہندکرنول ‘نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعدازاں خطبۂ صدارت میں مولانا یوسف جمیل جامعی نائب امیر صوبائی و شہری جمعیت اہلحدیث آندھرا پردیش‘ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید سب سے آسان اور سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ قرآن کی کثرت سے تلاوت نے علامہ اقبال کو شاعر مشرق بنادیا۔ پروگرام کا آغاز قرأت کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا۔ مولانا حافظ محمد یوسف عمری صدر الخیر ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کرنول کے ہدیۂ تشکر سے پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقعہ پر اراکین الخیر ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کرنول کے علاوہ عوام الناس اور خواتین کی کثیر تعداد شریک رہی۔