عمان، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اردن کی سلامتی سے متعلق مقدمات کو دیکھنے والی ایک عدالت نے انتہا پسند عالم دین ابو قتادہ کو بری کر دیا ہے۔ ابو قتادہ پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ سلفی نظریات کے حامل اس عالم دین پر 2000ء میں عمان کے ایک ہوٹل میں بم نصب کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا تھا۔ تاہم عدالت نے ابو قتادہ پر الزام ثابت نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں رہا کر دیا ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق ابو قتادہ کے خلاف شواہد موجود نہیں ہیں اس لئے بری کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے ایک زمانے میں اسامہ بن لادن کا دست راست کہا جاتا تھا۔ انہیں 2013ء میں برطانیہ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے برطانیہ میں دس سال تک قانونی جنگ لڑی۔ اس سے پہلے انہیں ان کی عدم موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ان پر 1999ء میں عمان کے امریکی اسکول پر بم حملے کا بھی الزام تھا۔ تاہم عدالت نے بری قرار دے دیا ہے۔