ابوظہبی کی ریستورانوں میں شیشہ نوشی پر پابندی عاید

ابوظہبی ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ابوظہبی میں شیشہ نوشی کے عوامی شوق پر اس سال یکم جون سے پابندی عاید کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے حکام نے شیشہ نوشی کی سہولت فراہم کرنے والے متعدد ریستورانوں پر بھی چھاپے مارے ہیں۔ یو اے ای کے صدر مقام سے شائع ہونے والے انگریزی روزنامے ‘خلیج ٹائمز’ نے اپنی حالیہ اشاعت میں بتایا کہ ابوظہبی بلدیہ نے شیشہ نوشی کی سہولت فراہم کرنے ریستورانوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ ایک ماہ کے اندر اندر اپنے ہوٹلوں میں کھانے کے ساتھ شیشہ سروس بند کر دیں۔ شہر کے ایک مقامی ریسٹورنٹ کے مینیجر اے غالی نے اخبار کو بتایا کہ “ہمیں ایک ماہ پہلے کھانے کے ساتھ شیشہ سروس بند کرنے کا نوٹس ملا تھا۔

اب ہمیں ایک نئے نوٹس کے ذریعے شیشہ نوشی مکمل بند کا کہا گیا ہے۔ اس فیصلے سے سیکڑوں افراد کا روزگار متاثر ہو گا۔ ہمارے ریسٹورنٹ میں چھے افراد صرف گاہوں کے شیشہ حقے تازہ کرنے پر مامور تھے، سروس کی بندش سے وہ سب بے روزگار ہو جائیں گے۔” تاہم اسی علاقے میں شیشہ سروس فراہم کرنے والے ایک دوسرے ہوٹل کے مالک نے ‘خلیج ٹائمز’ کو بتایا کہ “انہیں ابھی بلدیہ سے کوئی ایسا نوٹس نہیں جس میں شیشہ سروس بند کرنے کا کہا گیا ہو۔” انہوں نے کہا کہ “شیشہ سروس ہماری بکری کا اہم حصہ ہے۔ اس سروس پر پابندی کی صورت میں ہم ریسٹورنٹ بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ تاہم ابھی ہمیں میونسپلٹی نے شیشہ سروس بند کرنے کا کوئی نوٹس نہیں بھجوایا۔” مشرق وسطی میں شیشہ سروس بند کرنے کا یہ نیا اعلان ہے۔ اس سے پہلے اردن کے دارلحکومت عمان میں شیشہ سروس کے لائسنس کے اجراء اور تجدید نہ کرنے کے فیصلے سے کیفے مالکان اور گاہک چراغ پا ہیں۔ حقہ طرز کی تمباکو نوشی دنیا بھر میں مشہور ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں اس طرز کی تمباکو نوشی کے لیے استعمال ہونے والے مواد کا چالیس فیصد صرف مصر اور سعودی عرب میں استعمال ہوتا ہے۔