شارجہ ۔ 2نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ابوظہبی میں کھیلے جانے والے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے مصباح کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کرتے ہوئے آسٹریلیا کو603 رنز کا ہدف دیا ہے۔کپتان مصاح الحق نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ مصباح کے بعد فوراً بعد اظہر علی نے 6 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور اس موقعے پر پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔اتوار کو چوتھے دن محمد یونس اور اظہر علی نے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا اور یونس خان 46 رنز بنا کر سمتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد اظہر علی کے ساتھ کپتان مصباح الحق بیٹنگ کے لیے آئے ہیں۔مصباح الحق نے آتے ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور اپنی نصف سنچری صرف 21گیندوں پر مکمل کرلی جس میں چار چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد ہی مصباح نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور یوں 57 گیندوں پر 101 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے پہلے جمعرات کو آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 261 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان نے پہلی اننگز میں 309 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔پاکستان کی ٹیم نے آسٹریلیا کو فلو آن کرنے کے بجائے دوبارہ بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی طرف سے احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں صرف 16 کے مجموعی سکور پر گر گئی۔احمد شہزاد کو مچل جانسن نے بولڈ کر دیا۔ احمد شہزاد نے اسی اوور میں جانسن کو دو چوکے اور ایک چھکا لگایا اور اوور کی آخری گیند پر بولڈ ہو گئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ 21 کے سکور پر گری جب جانسن نے ایک شارٹ گیند پر حفیظ کو کیچ آؤٹ کر دیا۔آسٹریلیا کی اننگز میں نوجوان کھلاڑی مچل مارش نمایاں رہے انھوں نے 87 رنز سکور کیے۔ ان کے علاوہ کپتان کلارک نے 47 رنز بنائے۔پاکستان کے تیز رفتار بولر عمران خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن آغاز سے ہی مشکل کا شکار رہی اور اس کی نصف ٹیم صرف 100 رنز پر پولین واپس ہو چکی تھی۔
دوسرے دن یونس خان کی ڈبل سنچری اور مصباح الحق کی سنچری کی بدولت پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 570 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی اور اوپنر کرس راجرز کی وکٹ لینے میں بھی کامیابی حاصل کر لی تھی۔مصباح الحق اور یونس خان کے درمیان 181 رنز کی شراکت ہوئی۔یونس خان نے اپنی ڈبل سنچری میں انھوں نے 14چوکے اور دو چھکے لگائے اور اس دوران انھوں نے 334۔گیندوں کو سامنا کیا۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ڈیوڈ وارنر کے ساتھ نیتھن لیون کھیل رہے تھے اور ٹیم کا سکور ایک وکٹ کے نقصان 22 رنز تھا۔اس سے قبل میچ کے پہلے دن یونس خان اور اظہر علی نے ایک سست اور کم باؤنس والی وکٹ پر آسٹریلیائی بالروں کے حوصلے خوب پست کیے۔ یونس خان سیریز میں مسلسل تیسری سنچری بنا کر آسٹریلیائی بولنگ پر پھر برسے جبکہ اظہرعلی نے اپنے کرئیر کی چھٹی سنچری سکور کی۔پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں پر 304 رنز بنائے تھے۔