ویسٹ انڈیز کیخلاف ونڈے سیریز
ممبئی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم رواں ہفتہ ہندوستان کے تقریباً دیڑھ ماہ طویل دورہ کا آغاز کررہی ہے اور مہمان ٹیم کے خلاف ابتدائی تین ونڈے مقابلوں کیلئے ہفتہ کو ہندوستانی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا لیکن اس سے قبل کھیلے جانے والے دو وارم اپ ونڈے مقابلوں میں چند نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہتر مظاہرہ کا موقع اور ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے کی سہولت دستیاب رہے گی۔ ہندوستانی اے ٹیم کی قیادت منوج تیواری کررہے ہیں جو کہ دو وارم اپ ونڈے مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میزبان ٹیم کے قائد رہیں گے۔ وارم اپ مقابلوں میں جن کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز رہے گی ان میں منوج تیواری، کیدر جئے دیو اہم ہوں گے کیونکہ ان دو کھلاڑیوں میں کوئی ایک کھلاڑی زخمی روہت شرما کے مقام پر ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ تیواری اور جئے دیو دونوں ہی نے چند ماہ قبل دورہ آسٹریلیا پر ہندوستان اے ٹیم کی کامیاب نمائندگی کی ہے اور وہ بیٹنگ میں بھی بہترین فام میں ہیں۔ خصوصا تیواری کے مظاہرہ کافی متاثر کن رہے جیسا کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ونڈے میں 93 اور آسٹریلیا کے خلاف سنچری اسکور کرتے ہوئے اے ٹیم کی کامیاب نمائندگی کی ہے۔ جئے دیو بھی میڈل آرڈر میں ایک جارحانہ بیٹسمین تصور کئے جاتے ہیں جو کہ چند ماہ دور ورلڈ کپ کیلئے ایک بہتر کھلاڑی تصور کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں مرلی وجئے کو بھی کسی بھی تناظر میں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ شکھردھون اور اجنکیا راہنے کے علاوہ اسٹیورڈ بننی اور پرویز رسول پر بھی سلیکٹرس کی توجہ رہے گی۔