بالاسور(اڈیشہ) ۔ 17 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان نے دیسی ساختہ زمین سے فضاء میں وار کرنے والے آکاش میزائیل کا کامیاب تجربہ کیا ۔ اڈیشہ میں ٹسٹ رینج سے کیا گیا یہ تجربہ فضائیہ کے آزمائشی تجربہ کا حصہ تھا ۔ آکاش میزائیل کو چاندی پور کے اینٹی گریٹیڈ ٹسٹ رینج کامپلکس تھری سے تقریباً 3:18 بجے دن داغا گیا۔ دفاعی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اینٹی گریٹیڈ ٹسٹ رینج کے ڈائرکٹر ایم وی کے وی پرساد نے بتایا کہ میزائیل کا آزمائشی تجربہ پوری طرح کامیاب رہا ۔ انھوں نے کہا کہ جاریہ ہفتہ اس نوعیت کے مزید چند آزمائشی تجربات کئے جائیں گے ۔ آکاش میزائیل اوسط فاصلے کا حامل ہے جو زمین سے فضاء میں وار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ 25 کیلومیٹر کے فاصلے تک وار کرسکتا ہے اور 60 کیلوگرام وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے ۔ ا س میزائیل کو ایک بیاٹری سے لیس کیا گیا ہے جو اپنے نشانہ پر متواتر کئی مرتبہ حملہ کرسکتا ہے ۔ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے یہ میزائیل تیار کیا ہے ۔ اسے فضائیہ میں پہلے ہی شامل کیا جاچکا ہے لیکن فوج میں شمولیت کا یہ قطعی مرحلہ ہوگا ۔