158 نوجوان حراست میں، والدین کی موجودگی میں کونسلنگ
حیدرآباد ۔ /22 جولائی (سیاست نیوز) رمضان کے ایک ماہ طویل عرصہ کے بعد ساؤتھ زون پولیس نے آج ’’آپریشن لیٹ نائیٹ روڈ رومیوز‘‘ کا دوبارہ آغاز کرتے ہوئے رات دیر گئے پرانے شہر کی سڑکوں پر گھومنے والے 158 نوجوانوں بشمول کم عمر لڑکوں کو حراست میں لے لیا۔ ماہ رمضان میں پولیس نے مشن چبوترہ کو عارضی طور پر روک دیا تھا جس کے سبب کئی نوجوان خوش فہمی کا شکار ہوگئے تھے لیکن کل رات دوبارہ کارروائی کے آغاز سے پرانے شہر میں ہلچل مچ گئی ۔ پولیس نے جملہ 158 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا جس میں 34 کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں ۔ حراست میں لئے گئے نوجوانوں کو مقامی فنکشن ہال منتقل کیا گیا جہاں پر حراست میں لئے گئے نوجوانوں کے والدین کو پولیس نے طلب کیا اور ان کی موجودگی میں کونسلنگ کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ مشن چبوترہ کے مثبت نتائج برآمد ہونے کے سبب اس کارروائی کا دوبارہ آغاز کیا گیا اور اسے جاری رکھا جائیگا۔