آٹو کے ذریعہ بھاری رقم کی منتقلی ، ڈرائیور زیر حراست

۔10 روپئے کے متعدد نئے بنڈل برآمد
ضبط شدہ رقم محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے
حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقے کوٹھی میں پیش آئے ایک واقعہ میں آٹو میں منتقل کئے جانے والی بھاری نقد رقم کو پولیس نے برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب آج صبح 10.30 بجے ایک آٹو کوٹھی سے گزررہا تھا کہ اس میں موجود اشیاء مشتبہ پائے جانے کے نتیجہ میں ڈیوٹی کیلئے جارہے آصف نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ ٹریفک سب انسپکٹر مسٹر وینکٹیشورلو نے اس آٹو کو روک کر اس کی تلاشی لی اور اس میں 10 روپئے کے نئے بنڈل برآمد کئے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سلطان بازار مسٹر چکرورتی نے بتایا کہ ٹریفک سب انسپکٹر نے سلطان بازار ٹریفک پولیس اسٹیشن کے کانسٹبل راجیو اور ایک شہری جگدیش کی مدد سے آٹو روکنے میں کامیابی حاصل کرلی اور تلاشی کے دوران بھاری رقم پائے جانے پر آٹو ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ کرمن گھاٹ کا ساکن پرکاش جو پیشہ سے کمیشن ایجنٹ ہے پرانے کرنسی نوٹس کے عوض نئے نوٹ تبدیل کرتے ہوئے اس پر کمیشن حاصل کیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر 10 ہزار روپئے پر کمیشن ایجنٹ 2 فیصد کمیشن حاصل کرتے ہوئے اپنا کاروبار چلایا کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ 10 روپئے کے نئے کرنسی نوٹ جنہیں حالیہ دنوں ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔ 6 بیاگ میں کاچی گوڑہ تا افضل گنج منتقل کئے جارہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ ضبط شدہ رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کے حوالے کردیا گیا جبکہ ریزرو بینک آف انڈیا کو اس سلسلے میں ایک مکتوب روانہ کیا گیا ہے جس میں بھاری مقدار میں نقد رقم کی اجرائی میں ملوث بینک کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔