آنکھوں کے گرد کالے رنگ کے حلقے انسانی خوبصورتی میں کمی کرنے کے ساتھ ساتھ چہرے کی تازگی بھی کم کردیتے ہیں۔ ان حلقوں کی عارضی وجوہات میں بے آرامی اور بیماری شامل ہیں جب کہ موروثی طور پر خون کی رگیں جِلد کے قریب ہونے کی وجہ سے مستقل گہرے حلقے آنکھوں کے گرد رہتے ہیں۔ اسی طرح عمر بڑھنے کے ساتھ بھی ان حلقوں میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ اس کی وجہ چربی والے ٹشوز کا نمایاں ہونا ہے جوکہ جِلد کے ٹشوز کی باریکی کی وجہ سے واضح ہوجاتے ہیں۔ گہرے حلقوں کو ختم یا کم کرنے کے لئے ذیل میں دیئے گئے طریقے اپنائے جاسکتے ہیں:
(۱) زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، کیونکہ پانی کی کمی گہرے حلقوں کو مزید نمایاں کردیتی ہے۔ لہٰذا پانی کی مقدار برقرار رکھنا ضروری ہے۔
(۲) کھیرے ٹھنڈے کرکے قتلے کاٹ لیں اور ان قتلوں کو اپنی آنکھوں پر رکھیں۔ اس سے آنکھوں کو سکون ملے گا اور اُبھار کم ہوگا۔ کھیرے کے قتلے کم از کم دس منٹ تک ضرور رکھیں۔
(۳) چائے کی پتی کی تھیلی کو ٹھنڈا کرکے دس منٹ کے لئے اپنی آنکھوں پر رکھیں۔ اس طرح رگوں کی سوجن کم ہوجائے گی اور حلقوں کی گہرائی کم ہوجائے گی۔
(۴) اپنی نیند کو پورا کریں، کیونکہ تھکاوٹ سے حلقوں کی گہرائی زیادہ ہوجاتی ہے اور خوش رہنے کی کوشش کریں۔