آندھرا پردیش میں صدر راج کے نفاذ کا آج فیصلہ

ریاست کی سیاسی صورتحال ، آر ٹیکل 356(1)پر غور، مرکزی کابینہ کا اہم ایجنڈہ

حیدرآباد 27 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ کی جانب سے آندھرا پردیش میں صدر راج کے نفاد کا کل فیصلہ کیا جائے گا۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے استعفی کے بعد صدر راج نافذ کرنے کی سفارش کی تھی۔ کل منعقد ہونے والے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں آندھرا پردیش کی سیاسی صورتحال اور آرٹیکل 356(1)کے تحت اعلامیہ کی اجرائی اہم ایجنڈہ کے طور پر غور کیا جائے گا۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے کانگریس کرن کمارریڈی کے جانشین کیلئے کسی اور امیدوار کو منتخب کرنے سے گریز کررہی ہے۔ کانگریس نے آندھرا پردیش میں 10 سال حکمرانی کی ہے۔

کرن کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے علاوہ کانگریس پارٹی کی رکنیت سے بھی استعفی دیا ہے۔ تلنگانہ کے قیام کیلئے کانگریس کے فیصلے کے خلاف وہ احتجاج کررہے تھے۔ تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوا کہ آیا گورنر نرسمہن نے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے یا اسے معطل کرنے کی سفارش کی ہے یا نہیں۔ ملک کی 29 ویں ریاست کی حیثیت سے تلنگانہ کے قیام کیلئے بل کو حال ہی میں منعقدہ پارلیمنٹ سیشن میں منظور کیا گیا ہے۔