آندھرا پردیش سکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر قلیل وقت میں مکمل

محکمہ جات کی کارکردگی کا آغاز ، ملازمین بھی وجئے واڑہ اور ویلگا پوڈی منتقل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش حکومت نے ویلگا پوڈی کے مقام پر اپنی عارضی سکریٹریٹ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے نئی عمارتوں کی تعمیر کو صرف 131 یوم میں مکمل کر کے بعض محکمہ جات کی کارکردگی کا ان نئی عمارتوں کے بلاکس میں آغاز کردیا ۔ جب کہ حیدرآباد سکریٹریٹ سے بعض اہم محکمہ جات اطلاعات و تعلقات عامہ ، پنچایت راج ، عمارات و شوارع اور بھی کئی صدور محکمہ جات آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی امراوتی کو منتقل کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ان محکمہ جات کے ملازمین بھی وجئے واڑہ ، ویلگاپوڈی ، امراوتی منتقل ہوچکے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش ریاست کیلئے عارضی سکریٹریٹ کا قیام عمل میں لانے کیلئے 131 دن قلیل ویلگاپوڈی مقام کے پاس سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور سنگ بنیاد کے بعد کئی ایک رکاوٹیں حائل تھیں لیکن نہ صرف چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو بلکہ وزرائے آندھرا پردیش نے رات دن ایک کر کے وقفہ وقفہ سے تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عارضی سکریٹریٹ کے تعمیری کاموں کو مکمل کرنے میں زبردست کامیابی حاصل کی ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ حکومت آندھرا پردیش نے عارضی سکریٹریٹ کا قیام عمل میں لانے تعمیری کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرلینے کے تعلق سے اپنا وقار کا مسئلہ تصور کرلیا تھا اور دو اہم بڑی تعمیراتی کمپنیوں نے ان کاموں کو آپس میں بانٹ لے کر تیزی کے ساتھ تعمیری کاموں کو انجام دیتے ہوئے مقررہ مدت سے چند روز قبل ہی کاموں کو مکمل کر کے حکومت کے حوالہ کردیا جس کی وجہ سے حکومت آندھرا پردیش کو اپنے صدور محکمہ جات وغیرہ حیدرآباد سے منتقل کرنے میں زبردست آسانی ہوئی ۔ حیدرآباد سے آندھرا پردیش ریاست کے ملازمین کی منتقلی کے باعث اب سے ہی سکریٹریٹ اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردے گا ۔۔