آمدنی کی دوڑ،میسی نے رونالڈو کو مات دے دی

لندن۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )بارسلونا اور ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے زیادہ آمدنی میں اپنے حریف کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ مینجرز میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہوزے مورینیو سب پر بازی لے گئے۔موجودہ سیزن میں 126 ملین یوروز آمدنی کے ساتھ لیونل میسی اپنے تمام حریفوں سے کہیں آگے ہیں جہاں ان کے سب سے بڑے حریف کرسٹیانو رونالڈو نے 18۔2017 سیزن میں 94ملین یوروز کمائے ہیں۔گزشتہ سیزن میں رونالڈو اس فہرست میں 87.5ملین یوروز کما کر سب سے آگے تھے جبکہ میسی نے 76.5 ملین یوروز کمائے تھے۔اگر میسی کی آمدنی کا مقابلوں سے موازنہ کیا جائے تو رواں سیزن لا لیگا، چیمپیئنز لیگ، اسپینش کپ، سوپر کپ، ارجنٹینا کے لیے 4 بین الاقوامی مقابلے اور بارسلونا کے باقی 5 میچوں کو ملا کر انہوں نے میدان میں فی منٹ 25ہزار یوروز کمائے۔فرانسیسی فٹبال میگزین میں شائع فہرست کے مطابق اس دوڑ میں برازیل کے اسٹار نیمر تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 81.5ملین یوروز کمائے۔ چوتھے نمبر پر ریئل میڈرڈ کے گیرتھ بیل ہیں جنہوں نے 44 ملین جبکہ بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی جیرارڈ پی کے نے 29ملین یوروز کمائے۔منیجرز کے زمرے میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے مشہور منیجر ہوزے مورینیو 26ملین یوروز کمار کر سب سے آگے ہیں، چین کے منیجر مارسیلو لپی 23 ملین ڈالرز کما کر دوسرے جبکہ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے ڈیاگو سیمیونے تیسرے نمبر پر ہیں۔ ریئل میڈرڈ کے زین الدین زیڈان اور مانچسٹر سٹی کے پیپ گارڈیولا کا بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔