آلو ،پیاز مہنگے باقی ترکاریاں وغذائی اجناس سستے

نئی دہلی۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ماہِ مئی میں افراطِ زر گزشتہ پانچ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے کے بعد ماہِ جون میں انحطاط پذیر ہوا اور 5.43% ہوگیا کیونکہ آلو اور پیاز کے سوائے دیگر ترکاریوں اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں انحطاط پیدا ہوا۔ ٹھوک فروشی کی قیمتوں کے اشاریہ کے بموجب ترکاریوں کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ کی بہ نسبت 5.89% کمی ہوئی۔ صرف آلو اور پیاز کی قیمتیں علی الترتیب 42.51% اور 10.70% بڑھ گئیں۔ افراطِ زر ماہِ مئی میں پانچ ماہ کی بلند ترین سطح 6.01% پر پہنچ گیا تھا۔ اہم اشیاء جیسے شکر اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں علی الترتیب 2.09% اور 0.75% کمی ماہ جون میں دیکھی گئی۔ غذائی اجناس کا افراطِ زر اس ماہ کے دوران 8.14% کی اعلیٰ سطح پر برقرار رہا اور حکومت کے لئے مسلسل فکرمندی کی وجہ رہے گا۔ حکومت ناقص برسات کے قیمتوں پر اثر سے نمٹنے کی تیاری میں ہے۔ حکومت اہم اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے اقدامات کررہی ہے۔