آفریدی کے ساتھ شادی کی خبر بکواس:زرین خان

دبئی۔25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ تعلق اور شادی کی افواہوں کو سراسر جھوٹ کا پلندہ قرار دیدیا ہے۔ ٹویٹر کے ذریعہ اپنے بیان میں زرین خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر میرے اور شاہد آفریدی کے بارے میں بہت ہی احمقانہ پوسٹس کئے جا رہے ہیں۔ شاہد آفریدی حقیقت میں ایک شریف انسان اور مکمل خاندانی شخص ہیں۔ زرین خان نے لکھا کہ میں تمام لوگوں سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ وہ ان افواہوں اور جھوٹی خبروں پر نہ تو کوئی توجہ دیں اور برائے مہربانی نہ ہی انھیں آگے پھیلائیں۔خیال رہے کہ حال ہی میں شارجہ میں منعقدہ ٹی ٹین لیگ میں زرین خان کو پختونز فرنچائز کی سفیر بنایا گیا تھا جس کے کپتان شاہد آفریدی تھے۔ دونوں شخصیات نے اس کرکٹ لیگ سے پہلے ایک اشتہار میں بھی ساتھ کام کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنی شروع ہو گئیں اور کہا جانے لگا کہ زرین خان اور شاہد آفریدی اب دوست بن چکے ہیں اور شادی کرنے والے ہیں۔