دبئی ۔ 4فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کی حمایت کرنے والے شائقین کیلئے مفت ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دبئی میں ہونے والی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے اختتام پر شاہد آفریدی نے خصوصی طور پر اعلان کیا کہ جو بھی شائق گراؤنڈ میں پشاور زلمی کی شرٹ پہن کر آئے گا اس کا ٹکٹ فری ہو گا اور اس کے ٹکٹ کے پیسے شاہد آفریدی خود ادا کریں گے۔پاکستان سوپر لیگ کی افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیمیں پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ پشاور زلمی کی ٹیم اپنا پہلا میچ جمعہ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔ پشاور زلمی کے شائقین کیلئے شاہد آفریدی کی طرف سے مفت ٹکٹ دینے کا اعلان کرکٹ مداحوں کے لئے یقینی طور پر ایک خوش آئند اعلان ہے۔