آفریدی کی اینڈرسن کو مبارکباد ، گیل یا وارنر سے توقع کا تذکرہ

کراچی ۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ونڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ان کا ریکارڈ توڑنے والے نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کورے جیمس اینڈرسن کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک شاندار کارنامہ ہے اور اینڈرسن مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ آفریدی جنھوں نے اکتوبر 1996 ء میں سری لنکا کے خلاف نیروبی میں 37 گیندوں میں ونڈے کی تیز ترین سنچری اُس وقت بنائی تھی جب ان کی عمر صرف 16 برس تھی لیکن آج اینڈرسن نے 36 گیندوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری اسکور کرتے ہوئے آفریدی کا 17 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ آفریدی نے اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پہلے کبھی انھوں نے اینڈرسن کا نام نہیں سنا تھا ۔

نئے سال 2014 کی پہلی خبر انھیں یہی ملی کہ 17 برس قبل بنایا جانے والا ان کا ریکارڈ توڑ دیا گیا۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے اظہار خیال کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ آج صبح ان کے بھانجے نے فون کرکے انھیں مطلع کیا کہ ان کا ونڈے میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اینڈرسن نے توڑ دیا ہے ۔ آفریدی نے اعتراف کیا کہ انھیں اُمید تھی کہ ونڈے میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ کم از کم اُس وقت تک تو قائم رہے گا جب وہ کرکٹ سے سبکدوش ہوں گے لیکن اتنی جلد یہ ریکارڈ ٹوٹنے کی انھیں توقع نہیں تھی ۔ علاوہ ازیں آفریدی کو توقع تھی کہ ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل یا آسٹریلیائی جارحانہ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر ان کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں لیکن انھوں نے کبھی کسی نئے کھلاڑی کی جانب سے تیز ترین ونڈے سنچری کی اُمید نہیں کی تھی ۔ آفریدی نے مزید کہا کہ ٹوئنٹی 20 کے عروج کے بعد اب یہ ریکارڈ بھی آسانی سے توڑا جاسکتا ہے لیکن ان کی خواہش ہوگی کہ کوئی پاکستانی کھلاڑی پھر یہ ریکارڈ اپنے نام کرے۔