کراچی ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹیم میں واپسی کے حوالے سے شاہد آفریدی حالات کے ساتھ’’سمجھوتہ ‘‘ کرنیکا سوچنے لگے ،کیونکہ آل راؤنڈ ر نے کہا ہے کہ جتنی کرکٹ کھیلنی تھی کھیل چکا ،اب کسی فارمیٹ کیلئے امید وار نہیں ہوں۔ جامعہ کراچی میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا سابق کپتان عمران خان میری فٹنس سے متاثر ہوئے ہیں۔ عمران خان سمجھتے ہیں کہ میں اب بھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیم میں شمولیت کے سوال پر آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کا عندیہ دیدیا۔ انہوں نے کہا جتنی کرکٹ کھیلنی تھی کھیل لی ، اب کسی فارمیٹ کیلئے امیدوار نہیں ہوں اور بس لیگز سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں ۔ ونڈے ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ سرفراز احمد بہترین فائٹر ہیں، اگر بورڈ انہیں تینوں فارمیٹ کا کپتان بنانے کا ارادہ رکھتا ہے تو یہ اچھا فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا میں اس بارے میں کچھ کہنے کا حق تو نہیں رکھتا لیکن اگر کپتان کی تبدیلی ناگزیر ہے تو پھر سرفراز احمد بہترین فیصلہ ہیں۔