کراچی ۔18 مئی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے صف اول کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی رواں ماہ کے آخر لارڈز پر کھیلے جانے والے امدادی میچ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ گھٹنے کی تکلیف سے ابھی تک نجات نہیں پا سکے اور مکمل صحتیابی میں تین سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 31 مئی کو لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ پر ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان امدادی میچ ہے جس کا مقصد ویسٹ انڈیز میں گزشتہ برس آئے طوفانوں کی وجہ سے تباہ ہونے والے گراؤنڈز کی بحالی اور تزئین و آرائش کیلئے فنڈ جمع کرنا ہے۔ مختصر فارمیٹ کے انگلش کپتان ایان مورگن کی زیر قیادت ورلڈ الیون کی ٹیم سے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی دستبرداری ظاہر کر چکے ہیں۔