آفات سماوی سے نمٹنے قبل از وقت تیاری ضروری

ملک میں آفات سے بھاری جانی و مالی نقصانات : کرن رجیجو کا بیان
نئی دہلی 21 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں آفات سماوی سے جان و مال کو ہونے والے بھاری نقصانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کرن رجیجو نے آج ریسرچ کرنے والوں اور کاروباری اداروں سے کہا کہ وہ تباہی کو روکنے کی تیاری اور ما بعد نمٹنے کے اقدامات میں حکومت کے ساتھ شامل ہوجائیں۔ رجیجو نے یہاں جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ حکومتی سطح پر آفات سماوی سے نمٹنے کی تیاریاں بہت کم ہوتی ہیں لیکن ہندوستان کی جو ہئیت ہے اور یہ اتنا بڑا ملک ہے کہ یہاں آفات سماوی سے بہت زیادہ اموات ہوتی ہیں اور یہ اموات دوسرے ممالک کی بہ نسبت بہت زیادہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے بموجب جملہ گھریلو پیداوار کا 2 فیصد حصہ آفات سماوی سے تلف ہوجاتا ہے اور ایسے وقت جبکہ ہندوستان اپنی معاشی تقری کی شرح کو 7.2 فیصد سے بڑھا کر 9 فیصد کرنا چاہتا ہے یہ نشانہ مشکل نہیں ہے اگر ہم آفات سماوی پر قابو پالیں۔ رجیجو نے یہاں جے این یو میں ڈیزاسٹر ریسرچ میں سنٹر آف اکسیلنس کا افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ہم ماحولیاتی تبدیلی کی بات کرتے ہیں لیکن جتنی تیزی سے ہم ترقی کر رہے ہیں اور ہمارے وسائل بڑھ رہی ہیں اتنی ہی تیزی سے ہمیں آفات سماوی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔