آصف نگر میں آتشزدگی فرنیچر کارخانہ خاکستر

حیدرآباد ۔/18 مئی (سیاست نیوز) آصف نگر علاقہ میں کل رات دیر گئے پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں فرنیچر کارخانہ جلکر خاکستر ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ کل رات 11.30 بجے فرنیچر کے کارخانے میں اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں تمام فرنیچر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس واقعہ کے بعد آصف نگر کے رہائشی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر لنگر حوض اسمبلی اور گولی گوڑہ کے تین فائر انجن کو آگ پر قابو پانے کیلئے بھیجا گیا ۔ 5 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے میں فائر انجن عملہ کامیاب ہوگیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث فرنیچر کارخانے میں آگ لگی ہے ۔