حیدرآباد /17 فروری ( سیاست نیوز ) آشنا سے قرض کی رقم پوچھنا ایک داشتہ کیلئے رسوائی اور زدوکوبی کا سبب بن گیا ۔ جس سے دلبرداشتہ خاتون نے خودسوزی کرلی ۔ یہ واقعہ نریڈمیٹ پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 40 سالہ ایم کماری نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودسوزی کرلی ۔ کماری نریڈ میٹ علاقہ کے ساکن وینکٹیش کی بیوی تھی ۔ کماری سے پیشہ سے ترکاری فروش تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کماری کے گذشتہ چند ماہ سے مقامی شخص گولہ یادگیری سے ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے ۔ یادگیری اپنی داشتہ کے پاس آتا اور اس سے رقم حاصل کرلیاکرتا تھا ۔ جب بھی دونوں کی ملاقات ہوتی یادگیری اپنی داشتہ سے رقم لیکر جایا کرتا تھا ۔ کماری نے اپنے آشنا کو قرض کے طور پر رقم دی تھی ۔ تاہم پولیس کے مطابق معاملہ کچھ اور ہی ثابت ہوا ۔ 11 فروری کے دن جب کماری نے یادگیری سے رقم کا مطالبہ کیا تو وہ اس خاتون پر بھڑک اٹھا اور خاتون نے بھی کافی بحث و تکرار کی جس کے بعد یادگیری اس کا بیٹا، رینوکا اور فریدہ نامی دو خواتین کماری کے مکان پہونچے اور اس خاتون کو شدید زدوکوب کیا جس سے دلبرداشتہ ہوکر کماری نے اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ نریڈمیٹ پولیس نے یادگیری کے بشمول دیگر 3 کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔