آشنا سے جھگڑے کے بعد خاتون کی خودکشی

حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) سعیدآباد کے علاقہ میں ایک خاتون نے اپنے آشنا سے جھگڑے کے بعد خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 30سالہ سوروپا نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ سائی رام نگر علاقہ کی خاتون سوروپا ایک تھیٹر میں صفائی کا کام کرتی تھی۔ اپنے شوہر بدریا سے علحدگی کے بعد دو بچوں کے ہمراہ وہ سعیدآباد کے علاقہ میں رہنے لگی تھی۔

آٹھ ماہ قبل اس خاتون کی ایک شخص سے ملاقات ہوئی اور یہ ملاقات ناجائز تعلقات میں بدل گئی۔ اس شخص نے جس کا پولیس نے نام نہیں بتایا اس خاتون کو کام دلایا تھا اور دونوں کے درمیان ناجائز تعلقات تھے۔ گزشتہ روز سوروپا کے آشنا نے برہمی کی حالت میں اپنی داشتہ سے جھگڑا کیا اور دونوں میں جھگڑے کے بعد سوروپا نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔پولیس مصروف تحقیقات ہے۔