آسٹریلین اوپن : آج جوکویچ ۔ فیڈرر سیمی فائنل

ملبرن ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن میں جمعرات کی رات پہلا مینس سیمی فائنل عملاً خطابی مقابلہ ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ یہاں ملبرن پارک میں نوواک جوکویچ اور روجر فیڈرر کے درمیان مسابقت رہے گی۔ جمعہ کی رات دوسرے سیمی فائنل میں اگرچہ ابھی حریفوں کا تعین نہیں ہوا لیکن وہ مقابلے میں ایک طرف اینڈی مرے اور دوسری طرف ٹاپ 10 سے باہر کے رینک کا حامل کوئی کھلاڑی ہوسکتا ہے۔ اس لئے جوکویچ اور فیڈرر کے میچ کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی جبکہ ان دنوں کوئی ٹورنمنٹ ان دو اسٹارز کے مابین مقابلے سے قبل ختم نہیں سمجھا جارہا ہے۔ دریں اثناء انجلیق کربر اور یوہانا کونتا سیمی فائنلز میں پہنچ گئیں جبکہ آج پھر ایک بار ایسا دن رہا جب ٹینس کی دیانت داری جاریہ ٹورنمنٹ میں گفتگو کا موضوع بن گئی۔ سیزن کا پہلا گرانڈ سلام شروع سے ایسی میڈیا رپورٹس سے ماند پڑتا دکھائی دیا جن میں الزام عائد کیا گیا کہ ٹینس حکام میچ فکسنگ کے ثبوت کی جامع تحقیقات میں ناکام ہوئے ہیں۔ آج کربر نے دو مرتبہ کی چمپئن وکٹوریہ ازارینکا کو 6-3، 7-5 سے جبکہ دیگر کوارٹر فائنل میچ میں کونتا نے چینی کوالیفائر زانگ شوائی کو 6-4، 6-1 سے ہرایا۔