سڈنی۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام )آخری تاریخ ختم ہونے کے باوجود آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان معاوضوں کا تنازعہ حل نہ ہوسکا اور کاغذی کارروائی میں کھلاڑی یکم جولائی سے بیروزگار ہوگئے ہیں۔آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ نے معاوضوں کا معاملہ حل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو 30جون کی آخری تاریخ دی تھی اور نئے معاہدے پر کھلاڑیوں کی جانب سے دستخط نہ کئے جانے کے باعث 230 کھلاڑی بے روزگار ہوگئے ہیں تاہم تمام کھلاڑی اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ انہیں بورڈ کے حاصل آمدی میں سے رقم ادا کی جائے تاہم کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کو تنخواہوں سے ہٹ کر ادائیگی کا کوئی دوسرا طریقہ اختیار کیا گیا تو اس سے نچلی سطح پر کرکٹ متاثر ہوگی۔کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو حتمی نوٹس میں خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے بورڈ کے ساتھ نئے معاہدے پر دستخط نہ کئے تو وہ یکم جولائی سے بیروزگار ہوجائیں گے۔ذرائع نے کہا ہے کہ معاملہ قابو سے باہر ہے اس لئے لازمی طور پر اب وزیر کھیل مداخلت کرکے اسے حل کروائیں گے کیونکہ انہوں نے 2ماہ قبل بھی اس خطرے کو بھانپتے ہوئے مسئلہ حل کروانے کی پیشکش کی تھی جس پر بورڈ حکام نے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اپنائی تھی۔