کولکتہ۔5 ۔اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی شائقین نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے رواں ہفتے سیکیورٹی خدشات پر مجوزہ دورہ ملتوی کرنے کی ذمہ داری اپنی وزیر اعظم حسینہ واجد پر ڈال دی۔ بنگلہ دیش میں ان دنوں آسٹریلیائی ہائی پروفائل دورہ ملتوی ہونے کے مختلف خیالات اوربیانات سامنے آ رہے ہیں۔ بعض شائقین بنگلہ دیش خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہِ پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ دورہ ’بگ تھری ‘کی منشا کے بغیر ہوا جس پر وہ ناراض ہیں۔ پہلے پہل بنگلہ دیشی شائقین نے دورہ ملتوی ہونے پر آسٹریلیا کو بزدل ہونے کا طعنہ دیا کیونکہ ان کے خیال میں حالیہ سیریز میں پاکستان ، ہندوستان اور جنوبی افریقہ کو شکست دینے کی وجہ سے آسٹریلیا بنگلہ دیش کا سامنا کرنے سے ڈر رہا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ عالمی کرکٹ کی تین بڑی طاقتیں ’بگ تھری‘ ہندوستان، آسڑیلیا اور انگلینڈ بنگلہ دیش خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ ِپاکستان کے خلاف تھیں۔ بگ تھری نے یہ دورہ ختم کرنے کیلئے بنگلہ دیش بورڈ پر دباؤ ڈالا لیکن جب ایسا نہ ہوا تو آسٹریلیا نے اپنا دورہ ملتوی کر کے ردعمل دکھایا۔