ڈارون۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ہاکی ٹسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5-3 سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ سیریز میں مسلسل ناکامیوں سے دوچار پاکستانی ٹیم نے چوتھے اور آخری میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور چوتھے ہی منٹ میں ابو محمود نے گول کر کے مہمان ٹیم کو برتری دلائی۔چند سیکنڈ بعد ہی آسٹریلیا نے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔دسویں منٹ میں آسٹریلیا کو پینالٹی اسٹروک ملا جس پر مارک نولیس نے گول کر کے آسٹریلیا کو برتری دلائی جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔ آخری مقابلے میں 5-3 سے فتح کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔یاد رہے کہ پاکستان کو پہلے ٹسٹ میں 6-1، دوسرے میں 3-0 اور تیسرے میچ میں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بنگلہ ۔سری لنکا ونڈے سیریز ڈرا
کولمبو۔یکم اپریل(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے تیسرے اور آخری ونڈے میں بنگلہ دیش کو 70 رنز سے شکست دے کر 3 مقابلوں کے سیریز 1-1 سے برابر کرلی۔آج کھیلے گئے تیسرے مقابلے میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے280/9 رنز اسکور کئے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم نشانہ کے تعاقب میں 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔