آسٹریلیا کیخلاف کیریئر تبدیل کرنے والی اننگز : عمراکمل

کراچی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین عمراکمل نے کہا ہیکہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کو کامیابی دلوانے والی 94 رنز کی اننگز ان کے کیریئر کی تاحال سب سے بہترین اننگز ہے اور امید کرتے ہیں کہ یہ اننگز ان کے کیریئر کو تبدیل کرنے والی اننگز ثابت ہوگی۔ عمراکمل نے مزید کہا کہ وہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ کو پسند کرتے ہیں تاہم ان کی خواہش ہیکہ وہ تینوں طرز کی کرکٹ میں خود کو منوائیں اور وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ یہ تبھی ممکن ہے جب وہ استقلال کے ساتھ رنز اسکور کرتے رہے۔

عمر اکمل کو امید ہیکہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی 94 رنز کی اننگز ان کے کیریئر کو تبدیل کرنے والی اننگز ثابت ہوگی۔ 26 سالہ عمر اکمل پاکستان کی 16 ٹسٹ، 94 ونڈے اور 54 ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں نمائندگی کرچکے ہیں اور انہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا انتہائی باصلاحیت کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے لیکن وہ امیدوں کے مطابق مظاہرہ کرنے میں ناکام ہوتے ہیں۔ ایشیاء کپ سے وہ مسلسل بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے امیدوں کو پورا کررہے ہیں۔ عمراکمل جو کہ عنقریب پاکستان کے سابق اور کامیاب ترین لیگ اسپنر عبدالقادر کی بیٹی سے شادی کرنے والے ہیں، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی اننگز کو اس لئے بھی ایک اہم اننگز قرار دیا کیونکہ ان کے بھائی کامران اکمل بھی ٹیم میں واپسی کرچکے ہیں۔