دبئی۔24 ستمبر(سیاست ڈاٹ کا م) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں فاسٹ بولر محمد عامر اور اوپنر فخر زمان کی بیٹنگ فارم پر ٹیم انتظامیہ کو تشویش لاحق ہے لیکن آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں دونوں کھلاڑی پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ جبکہ فاسٹ بولر وہاب ریاض کو بھی پاکستان ٹسٹ ٹیم میں جگہ ملنے کے روشن امکانات ہیں۔ ذرائع نے کہا ہے کہ امام الحق اور اظہر علی کے ساتھ تیسرے اوپنر فخر زمان ہیں۔حیران کن طور پر شان مسعود جو ٹسٹ ٹیم کے لئے موزوں اوپنر ہیں انہیں ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکل درپیش ہے۔ شان مسعود ایشیا کپ کی ونڈے ٹیم میں شامل تھے۔ محمد عامر ٹسٹ میچ کھیلنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے لیکن انہیں تینوں فارمیٹ میں کھلایا جارہا ہے۔ عامر کو بھی ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ایشیا کپ میں فخر زماں اور محمد عامر کے مظاہرے انتہائی مایوس کن ہیں اور اس سے ٹیم کو نقصان بھی ہورہا ہے۔