آسٹریلیا کو آج 6 وکٹوں اور انگلینڈ کو 178 رنز درکار

ایڈیلیڈ ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان یہاں کھیلے جارہے ایشیس کے دوسرے اور پہلے ڈے نائیٹ ٹسٹ کے کل آخری دن میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے 6 وکٹیں درکار ہیں اور انگلش ٹیم 178 رنز بناتے ہوئے سیریز کو فی الحال 1-1 سے برابر کرسکتی ہے۔ چوتھے دن کے اختتام پر انگلش ٹیم نے کامیابی کیلئے 354 رنز کے تعاقب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ کامیابی کیلئے انگلینڈ کی تمام تر توجہ اپنے کپتان جیوروٹ پر مرکوز ہے جو کہ 114 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 67 رنز اسکور کرتے ہوئے وکٹ پر موجود ہیں اور ان کے ہمراہ کریس ووکس 5 رنز بناکر ناٹ آوٹ ہیں۔ قبل ازیں آسٹریلیا کو دوری اننگز میں 138 رنز پر ڈھیر کرنے میں انگلش فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے کلیدی رول ادا کیا جنہوں نے 22 اوورس میں 43 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ووکس نے 36 رنز کے عوض 4 وکٹیں اپنے نام درج کی۔