آسٹریلیا کا دورہ بنگلہ دیش غیر یقینی ‘ ٹیم کی روانگی موخر

سکیوریٹی سے متعلق محکمہ خارجہ کو تشویش : کھلاڑیوں کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں : سدرلینڈ
سڈنی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی دورہ بنگلہ دیش پر روانگی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے کیونکہ آسٹریلیا نے بنگلہ دیش سے سکیوریٹی پر تیقن مانگا ہے ۔ آسٹریلیائی کرکٹرس بنگلہ دیش سے باہمی سیریز کھیلنے کیلئے پیر کو روانہ ہونے والے تھے ۔ یہ کرکٹرس آسٹریلیاء میں مختلف مقامات سے ڈھاکہ روانہ ہونے والے تھے ۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑیوں کی روانگی کو موخر کردیا ہے اور اس نے بنگلہ دیش کے ساتھ سکیوریٹی کے نئے منصوبے پر تبادلہ خیال کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے محکمہ خارجی امور و تجارت نے کرکٹ آسٹریلیا کو ایسا کرنے کا مشورہ دیا تھا جسے قبول کرلیا گیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر جیمس سدرلینڈ نے کہاکہ ہمیں محکمہ امور خارجہ سے مشورہ ملا ہے اور اس اطلاع پر ہم نے سکیوریٹی ماہرین اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ دورہ برقرار رہے اور اس کیلئے ہم کام کر رہے ہیں۔ تاہم ہمارے کھلاڑیوں کا تحفظ اور سلامتی ہمارے لئے اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیم کی روانگی کے انتظامات سے قبل سکیوریٹی انتظامات سے متعلق اطلاعات پر غور کرینگے ۔ ہم اس سلسلہ میں مختلف حکام سے رابطے میں ہیں۔ کہا گیا ہے کہ محکمہ خارجہ کی اطلاع میں یہ ادعا کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں آسٹریلیا کے کرکٹرس پر حملوں کا اندیشہ ہے اور ایسے میں بنگلہ دیش کا دورہ کرتے ہوئے انتہائی احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔ محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس بات کا سبھی کو علم ہے کہ ڈھاکہ میں عام حالات میں بھی سفر تشدد کی وجہ سے آسان نہیں رہتا ہے ۔ بنگلہ دیش میں حالیہ عرصہ میں دہشت گردی کے کئی واقعات پیش آئے ہیں اور سکیوریٹی ایجنسیاں دہشت گرد تنظیموں کے ارکان کو گرفتار کرتی رہی ہیں۔ وہاں مزید حملے ہوسکتے ہیں اور خاص طور پر مغربی مفادات کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش کیلئے آسٹریلیائی کھلاڑی کب روانہ ہونگے ۔