آسٹریلیا میں ہندوستانی کھلاڑیوں سے بہتر مظاہرہ کی اُمید

نئی دہلی ۔22نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 18رکنی ہندوستانی ٹیم ویراٹ کوہلی کی قیادت میں دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوچکی ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کھیلے گی جس کا پہلا مقابلہ 4ڈسمبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا ۔ ٹیم کے مستقل کپتان مہیندر سنگھ دھونی انگوٹھے کے زخم کی وجہ سے پہلے ٹسٹ میں شرکت نہیں کرپائیں گے اور اُمید ہے کہ دوسرے ٹسٹ میں وہ ٹیم کی قیادت کریں گے ‘ نیز نمن اوجھا کو ٹیم میں بحیثیت وکٹ کیپیر بیٹسمین شامل کیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ آسٹریلیا کے خلاف دیگر تین ٹسٹ مقابلے 12تا 16ڈسمبر اڈیلیڈ ‘ 26تا 30ڈسمبر ملبورن اور 3تا 7جنوری 2015ء سڈنی میں چوتھا ٹسٹ کھیلا جائے گا ۔ اس سیریز کے بعد 16جنوری تا یکم فبروری سہ رخی سیریز کھیلی جائے گی

جس میں انگلینڈ تیسری ٹیم ہوگی ۔ ہندوستان کے سخت ترین دورہ آسٹریلیا کے آغاز سے قبل ہی دونوں ٹیموں کی جانب سے بیان بازیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جیسا کہ آسٹریلیا کے سابق لیجنڈ بولر گلین مائیک گرا نے موجودہ سیریز کے متعلق پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کو اس سیریز میں 4-0کی شکست ہوگی ۔ مائیک گرا کے اس بیان کے جواب میں ہندوستانی ٹیم کے ڈائرکٹر روی شاستری نے اپنے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کی غرض سے کہا ہے کہ اگر ہندوستانی ٹیم اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرے تو آسٹریلیا کیلئے آسان حریف ثابت نہیں ہوں گے ۔ شاستری نے مزید کہا کہ اگر ہندوستانی کھلاڑی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کریں تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ وہ آسٹریلیائی وکٹوں پر بہتر مظاہرہ نہیں کرسکتے بلکہ ہم ثابت کریں گے مہمان ٹیم ایک سخت ترین حریف ہے ۔ دریں اثناء ٹیم کے سابق کپتان نے مزید کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو اس دورہ سے لطف اندوز ہونا چاہیئے نہ کہ میزبان کھلاڑیوں کی جانب سے اشتعال دلانے کیلئے کسے جانے والے فقروں پر توجہ دینی چاہیئے ۔

شاستری نے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا کا دورہ ایک طویل ترین دورہ ہے اور جب کرکٹ سے وقفہ ملے تو یہ ملک سیاحت کیلئے ایک بہترین منزل ہے اور کھلاڑیوں کو چاہیئے کہ وہ تازہ دم ہونے کیلئے یہاں کے مقامات سے لطف اندوز ہوں اور ان اوقات میں کرکٹ سے خود کو دور رکھیں ۔ پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے نوجوان کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ میزبان آسٹریلیا کو ہم اُسی کی سرزمین پر شکست دے سکتے ہیں ۔ کوہلی کا ماننا ہے کہ مثبت اور جارحانہ کھیل کے ذریعہ نوجوان ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے سکتی ہے اور مہمان ٹیم پُرعزم ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف بہتر مظاہرہ کرے گی ۔ کوہلی نے مزید کہا ہے کہ ٹسٹ کیلئے قطعی 11کھلاڑیوں کا انتخاب اہم فیصلہ ہوگا اور اس کیلئے ٹیم انتظامیہ فیصلہ کرے گا کہ کونسے 11کھلاڑی ٹیم کیلئے بہتر انتخاب ہوں گے ۔ واضح رہے کہ 2012ء میں آسٹریلیا کے دورہ پر ہندوستان کو 0-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی ‘تاہم اُس وقت 4مقابلوں میں کوہلی نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کے ذریعہ 300رنز بنائے تھے۔