آسٹریلیا۔نیوزی لینڈ مقابلہ بارش کی نذر

ایجبسٹن۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام )چیمپیئنز ٹرافی میں بارش نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ارمان بہا لے گئی اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک نشان پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ایجبسٹن میں کھیلے گئے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل کے 22 رنز کی بدولت اوپنرز نے انی ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔گپٹل کے پویلین لوٹنے کے کچھ دیر میچ میں بارش نے مداخلت کر دی جس کے سبب ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کھیل ممکن نہ ہو سکا اور جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے 46 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔بارش رکنے کے بعد لیوک رونچی نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کروائی لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید مشکلات کا سبب بنتے جان ہیسٹنگز نے 43 گیندوں پر 65 رنز بنانے والے وکٹ کیپر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد کپتان کین ولیمسن کا ساتھ نبھانے روس ٹیلر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 99 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا، روس ٹیلر بھی 46 رنز بنانے کے بعد ہیسٹنگز کی وکٹ بنے۔ ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ونڈے کرکٹ میں نویں سنچری مکمل کی لیکن سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی وہ رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔جب ولیمسن آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ نے 39 اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 254 رنز بنائے تھے اور نیچے جارحانہ بیٹسمنوں کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم باآسانی 320 سے 330 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے گی لیکن جوز ہیزل وڈ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45ویں اوور میں پوری کیوی ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔نیوزی لینڈ نے صرف 37 رنز کے اضافے سے آخری سات وکٹیں گنوائیں اور پوری ٹیم 291 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔جوش ہیزل وڈ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں آؤٹ کیا۔