سڈنی۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) نے ہندوستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہوئی چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان تو ظاہر کیا ہے لیکن ساتھ ہی کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو جیت کی پٹری پر واپس آنے کے لئے اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانی ہوگی۔آسٹریلیا نے پہلا میچ جیت کر سیریز میں شاندار شروعات کی تھی لیکن بعد میں دو میچوں میں شکست سے وہ 2۔1سے سیریز گنوا بیٹھی۔ آسٹریلیائی ٹیم کو گزشتہ سال سری لنکا کی سر زمین پر میزبان ٹیم نے 3-0 سے شکست دی تھی۔ آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر جنوبی افریقہ کے خلاف بھی دو ٹسٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اگرچہ ہندوستان دورے پر آنے سے پہلے اس نے اپنی سرزمین پر پاکستان کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ سی اے کے چیئرمین ڈیوڈ پیور نے ایک بیان میں کہا ٹیم وطن لوٹ رہی ہے اور ٹیم کے کھلاڑی یہاں یہی دیکھیں گے کہ شائقین کو ان کے کھیل پر فخر ہے ۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف سخت چیلنج پیش کیا ہے ۔ نمبر ون ٹیم کو اسی کی سرزمین پر پریشان کرنا بڑی بات ہے اور تمام کھلاڑی تعریف کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا حالیہ چند برسوں میں ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی آئی ہے ۔تجربہ کار کھلاڑیوں کے علاوہ نوجوان کھلاڑیوں میں بھی بے پناہ صلاحیت ہے اور انہیں برصغیر کے حالات سے بھی خود کو ہم آہنگ کرنا سیکھنا ہوگا۔
مظہر علی بیگ کا چینائی ٹیم میں انتخاب
حیدرآباد۔ 29 مارچ (راست) پہلے انڈین ڈیف پریمیئر لیگ کا 3 تا 11 اپریل دہلی میں انعقاد عمل میں آرہا ہے جس میں 8 ٹیمیں شرکت کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے مظہر علی بیگ اس ٹورنمنٹ میں ڈیف چینائی سوپر کنگس کی نمائندگی کررہے ہیں۔پاکستان ، بنگلہ دیش ، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔