سڈنی۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف سیریز میں مثبت حکمت عملی اختیار کریں گے اور دورہ میں ٹیم آسٹریلیا نئے روپ میں دکھائی دے گی۔ٹم پین نے مزید کہاکہ آسٹریلیا کی قیادت کرنا ان کے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے، پاکستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم ویسی نظر آئے گی جس کے لئے وہ جانی جاتی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز 29 ستمبر سے 28 اکتوبر تک دبئی میں کھیلی جائے گی۔واضح رہے کہ بال ٹیمپرنگ تنازعہ کی وجہ سے آسٹریلیائی کرکٹرزکوکڑی تنقیدکا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس معاملے میں ان کے تین کھلاڑی اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ معطل ہیں۔اس صورتحال کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کے لیئے نیا منصوبہ تیارکیا ہے۔دبئی کے میدانوں میں اسپنرس کیلئے ساز گار وکٹوں پرپاکستانی ٹیم کا پلہ ہمشہ ہی بھاری رہا ہے۔