سڈنی ، 9 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) بھروسہ مند آسٹریلیائی وکٹ کیپر اور بیٹسمین براڈ ہاڈین نے آج انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ گزشتہ دو سال کے زیادہ تر عرصہ میں ٹسٹ ٹیم کے وائس کیپٹن رہنے والے 37 سالہ ہاڈین سڈنی سکسرز کیلئے صرف ٹوئنٹی 20 کرکٹ کھیلتے رہیں گے ۔ ہاڈین نے کہا: ’’مجھے لارڈس کے بعد احساس ہوا ۔ میرا معقول کیرئیر رہا لیکن میں ایشز ٹور پر مزید کھیل کی بھوک سے محروم ہوگیا ۔ چنانچہ سبکدوشی کا فیصلہ آسان رہا ‘‘۔ عمدہ کیرئیر کے حامل ہاڈین آسٹریلیا کے انگلینڈ ٹور پر اوپننگ میچ میں اپنے معمول کے اعلیٰ معیارات سے کم تر مظاہرے کے بعد متنازعہ انداز میں اپنی جگہ کھوبیٹھے اور خاندانی وجوہات بتاتے ہوئے گزشتہ ماہ وطن لوٹ گئے ۔ انھوں نے نئے کپتان اسٹیو اسمتھ کو گریٹ لیڈر قرار دیا ۔ ہاڈین نے 66 ٹسٹ کھیلے ۔ وہ ورلڈ کپ فائنل مارچ میں نیوزی لینڈ کے مقابل کھیلنے کے بعد ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہوگئے تھے۔