سورت۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) خود ساختہ سوامی آسا رام باپو کی دولت تقریباً 10 ہزار کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں زمینات اس کی ملکیت میں ہیں جن کی قدر ابھی معلوم کی جانی ہے۔ آسا رام کے آشرم سے دستیاب بینک اکاؤنٹس اور دیگر سرمایہ کاری سے متعلق دستاویزات اور گورنمنٹ بانڈس و حصص کی قدر 9 تا 10 ہزار کروڑ روپئے ہونے کا پتہ چلا۔ سٹی کمشنر پولیس راکیش آستھانہ نے بتایا کہ اراضی کی قدر ابھی نہیں معلوم کی گئی ہے جبکہ آسا رام باپو کے گجرات کے 10 اضلاع میں 45 مقامات اور چار ریاستوں راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش میں 33 مقامات پر زمینات ہیں۔ آسا رام اور اس کا بیٹا نارائن سائی عصمت ریزی کے مختلف مقامات کے سلسلے میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
سرینگر ۔ مظفر آباد بس سرویس کے احیاء سے اتفاق
سرینگر۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان آج لائن آف کنٹرول پر تجارت پر دو ہفتوں سے جاری تعطل ختم کرنے میں ناکام رہے لیکن پیر سے سرینگر ۔ مظفر آباد بس سرویس بحال کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کے ٹریڈ فیسلی ٹیشن آفیسرس کا کمان پوسٹ پر اجلاس منعقد ہوا جس میں لائن آف کنٹرول پر جاری تعطل ختم کرنے کی کوشش کی گئی ۔