آسام میں لوک سبھا انتخابات کیلئے 16 خاتون امیدوار میدان میں

گوہاٹی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے پہلے عام انتخابات سے لیکر آج تک آسام میں خاتون امیدواروں نے کبھی اتنا بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیا جتنا 2014ء کے تین مرحلوں والے لوک سبھا انتخابات میں دیکھا جارہا ہے جہاں ایک دو نہیں بلکہ 16 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 2009ء میں یہی تعداد 11 تھی اس کا مطلب یہ ہوا کہ گذشتہ پانچ سالوں کے دوران مزید پانچ امیدوار تیار ہوگئے۔ 16 امیدواروں میں بی جے پی کی دو موجودہ ایم پیز بجویا چکرورتی جن کا تعلق گوہاٹی سے ہے اور

مرکزی وزیر برائے امور قبائلیات رانی نارہ (کانگریس) شامل ہیں، جنہیں ان کی پارٹیوں نے گذشتہ حلقوں سے ہی انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس نے دو موجودہ ایم ایل ایز جنجونالی برواہ اور سشمیتادیو کو بھی ٹکٹ دیئے ہیں۔ 7 اپریل کو انتخابات کے پہلے مرحلہ میں جہاں پانچ خاتون امیدواروں نے حصہ لیا، وہیں دوسرے مرحلہ میں 12 اپریل کو ہوئی رائے دہی میں دو خاتون امیدوار میدان میں تھیں جبکہ 24 اپریل کو منعقد شدنی رائے دہی کے آخری مرحلہ میں نو خاتون امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔