آسام میں ترنمول کانگریس کے وفد کے ساتھ بدسلوکی کیخلاف بنگال میں آج اور کل احتجاج

کولکاتا3 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس نے آسام کے سلچر ائیر پورٹ پر ترنمول کانگریس کے وفد کے ساتھ بدسلوکی ہونے کے واقعے پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یاست بھرمیں آسام واقعہ اور مودی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ترنمول کانگریس کے ممبران ریاست بھر میں سنیچر اور اتوار کو کالے جھنڈے کے ساتھ احتجاج کریں گے ۔پارٹی کے سیکریٹری جنرل اور ریاستی وزیر پارتھو چٹرجی نے بتایا کہ 4-5اگست کو سلچر میں ترنمول کانگریس کے وفد کے ساتھ ہوئے بدسلوکی پر ریاست بھر میں ترنمول کانگریس کے ممبران کالے جھنڈے کے ساتھ احتجاج کریں گے ۔دوسری جانب این آر سی کے بعد پیدا ہوئے حالات کا جائزہ لینے کیلئے ترنمول کانگریس کا وفد آج صبح کلکتہ واپس پہنچ گیا ہے ۔خیال رہے کہ سلچر ایئر پورٹ کے باہر ترنمول کانگریس کے وفد کو نکلنے نہیں دیا گیا اس درمیان وفد کے ممبران اور پولس اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی ۔