آر ٹی سی ڈپو شادنگر کو یومیہ 15 لاکھ روپئے کا نقصان

بس ہڑتال سے عوام کو شدید مشکلات ، خانگی گاڑیوں کی چاندی
شاد نگر ۔ /10 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شادنگر آر ٹی سی بس ڈپو کے ڈرائیورس اور کنڈاکٹر جس میں کنڈاکٹر خواتین و یونین قائدین نے اپنے احتجاجی ہڑتال کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ شاد نگر آر ٹی سی ڈپو سے ایک بھی سرکاری بس باہر نہیں نکلی ۔ احتجاجی دھرنا منظم کرنے والے آر ٹی سی بس ڈرائیورس اور کنڈاکٹرس اور یونین قائدین نے حکومت تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کے مطالبات کو تلنگانہ حکومت قبول کرنے تک مطالبات کی یکسوئی تک احتجاجی دھرنا پروگرام اور ہڑتال جاری رکھنے کا انتباہ دیا ۔ شاد نگر آر ٹی سی بس ڈپو میں ایک سو سے زائد بسیں موجود ہیں ۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے شاد نگر آر ٹی سی ڈپو کو روزانہ قریب 15 لاکھ روپیوں کا نقصان ہورہا ہے ۔ آر ٹی سی بس ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے آر ٹی سی کو شدید مالی نقصان ہورہا ہے ۔ ہڑتالی قائدین ڈپو کے گیٹ کے پاس بیٹھتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں اور ڈپو کے احاطہ میں ہی پکوان کرتے ہوئے ڈپو میں ہی طعام کررہے ہیں ۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال اور سرکاری بسیں بند ہونے کی وجہ سے مسافرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مسافرین خانگی بسوں اور خانگی دیگر گاڑیوں پر سفر کرنے پر گاڑی مالکین اور ذمہ داروں نے عام طور پر وصول کئے جانے والے کرایہ سے زائد کرایہ وصول کررہے ہیں جس کی وجہ سے مسافرین پر زائد مالی بوجھ پڑرہا ہے ۔ ان دنوں ہندو مسلم طبقات میں حد سے زیادہ شادیاں ہورہی ہیں ۔ اس کے علاوہ اسکولس کو چھٹیاں ہونے کی وجہ سے عوام ایک مقام سے دوسرے مقام کا سفر کررہے ہیں۔ اس موقعہ کا خانگی گاڑی مالکین بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے عام آدمی بالخصوص مسافرین پر زائد مالی بوجھ ڈال رہے ہیں ۔ ہڑتال کے سلسلہ کو جاری دیکھتے ہوئے عوام ٹیکسی ، کارواں یا پھر خود کے پاس موجود ٹو وہیلر یا پھر فور وہیلر کا استعمال کررہے ہیں اور جس کے پاس سواری موجود نہیں ہے ان کو اور بھی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ ایک طرف چلچلاتی دھوپ ، دوسری طرف شادیوں کا سیزن ، اسکولس کو چھٹیوں کا موقع اور ایک طرف آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال عوام کو گھروں سے نکلنے کیلئے سوچنے پر مجبور کردیا ۔ اگر آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کا سلسلہ کچھ دن اور جاری رہے گا تو عوام بالحصوص مسافرین شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ مسافرین کا کہنا ہے کہ تلنگانہ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے درپیش مسائل پر فوری غور کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات کرے اور مسافرین کو سہولتیں مہیا کرنے کا عوام نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا ۔