آر مور یونٹ جماعت اسلامی کی جانب سےرمضان پیکیج کی تقسیم

آرمور ۔ 9 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جماعت اسلامی آر مور یونٹ کی جانب سے آرمور ڈیویژن کے اطراف مختلف دیہاتوں اور آرمور مستقر پر غریب مستحق افراد میں رمضان پیکیج کی تقسیم عمل میں آئی ۔ پرکٹ سٹی گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ پروگرام سے امیر مقامی جماعت اسلامی نظام آباد احمد عبدالحلیم نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ماہ رمضان برکتوں سعادتوں تقوی اور نیکیوں کو لوٹنے کا مہینہ ہے ۔ اس رمضان پیکیج کی تقسیم کا مطلب یہ ہے کہ غریب مسلمان ماہ رمضان سے استفادہ کریں اور اپنی محنت مزدوری میں کمی کرتے ہوئے ماہ رمضان کی برکتیں سعادتیں حاصل کریں اور روزہ رہیں اور اپنے اندر تقوی پیدا کریں اور ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حضورؐ محنت کی کمائی کو پسند کرتے تھے ۔ معاشرے میں بے جا رسومات کو ختم کیا جائے ۔ فضول خرچی سے بچنے کی تلقین کی اس موقع پر امیر مقامی آرمور محمد عبدالجبار نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی آرمور کی جانب سے گزشتہ آٹھ سالوں سے رمضان پیکیج کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے ۔ آرمور ڈیویژن کے مختلف مقامات آرمور ، پرکٹ ، ویلپور ، نرکوڑہ ، موتے ، بالکنڈہ اور دیگر مقامات کے تقریباً 400 افراد کو رمضان پیکیج پہنچایا ہے اس موقع پر رکن جماعت اسلامی محمد واجد نے بھی مخاطب کیا اس پروگرام میں ضلعی صدر جماعت اسلامی خواجہ نصرالدین ، نائب صدر انجمن تنظیم المسلمین پرکٹ محمد یوسف الدین کے علاوہ لکچرر محمد عبداللہ ، اسلم بن محسن ، حسین جابری و دیگر موجود تھے ۔